Saturday, May 11, 2024

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس کا دفاعی اور سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس کا دفاعی اور سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال
October 28, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملکی دفاعی اور سلامتی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کا اجلاس جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اجلاس کی صدارت کی۔

ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اجلاس میں شرکت کی، امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی شرکت کی۔

شرکاء نے سکیورٹی سے متعلق متعدد اُمور پر تبادلہ خیال کیا، جن میں اسٹریٹجک اور روایتی پالیسیوں کے دائرے میں تیز رفتار پیش رفت، خطے میں پائیدار ترقی کے لیے افغانستان میں امن کی اہمیت، درپیش مشترکہ چیلنجز، سہ فریقی خدمات کے ورک پلان اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاری شامل ہیں۔

سروسز چیفس نے دفاعی افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شرکاء نے ایک جامع سکیورٹی حکمت عملی سے مطابق مسلح افواج کے خطرے کے پورے میدان عمل کا انتہائی موزوں انداز میں جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا، " جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز ایک قومی نقطہ نظر کے ساتھ کام کر رہا ہے جو پاکستان کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ اور فروغ کی کوشش کرتا ہے۔"

جنرل ندیم رضا نے پاکستان کو درپیش تمام دفاعی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں افواج پاکستان کے مشترکہ تعاون کو بھی سراہا۔