Friday, April 19, 2024

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر نے چارج سنبھال لیا

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر نے چارج سنبھال لیا
November 28, 2016

اسلام آباد (92نیوز) جنرل زبیر محمود حیات نے نئے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی کمان سنبھال لی۔ کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی جہاں جنرل راشد محمود نے جنرل زبیر حیات کو کمان سونپی۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باوجوہ بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق نئے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کمان سنبھال لی ہے۔ انکے اعزاز میں پروقار تقریب جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ جنرل زبیر حیات کو تینوں افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران بھی شریک تھے۔ جنرل زبیر محمود حیات کمان سنبھالنے کے بعد سی جے سی ایس سی کے 17 ویں سربراہ بن گئے ہیں۔

ان کا تعلق آرٹلری رجمنٹ سے ہے جبکہ جنرل زبیر محمود حیات انفنٹری ڈویژن کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بطور ڈی جی سٹریٹجک پلانزڈویژن بھی فرائض ادا کیے ہیں۔ جنرل زبیر محمود حیات اس سے قبل چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر تعینات تھے۔

دوسری جانب نئے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کل پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔ کمان کی تبدیلی کیلئے تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پاک فوج کی کمان 16ویں سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کو 29 نومبر کی صبح دس بجے سونپی جائے گی۔ تقریب کیلئے دعوت نامے جاری کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہیں۔

کابینہ کے اراکین سمیت فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان تقریب میں شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات بھی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ سبکدوش ہونیوالے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی تقریب میں مدعو ہوں گے۔