Sunday, September 8, 2024

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی لندن روانہ ہوگئے

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی لندن روانہ ہوگئے
September 9, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لندن چلے گئے۔ عمران خان کے بیٹے سلیمان اور قاسم بھی ان کے ہمراہ ہیں جبکہ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے ہیں۔

عمران خان قومی ائرلائن پر لندن روانہ ہوئے۔ روانگی سے قبل عمران خان نے اسلام آباد کے بے نظیر ائرپورٹ  کے وی آئی پی لاونچ میں کچھ وقت قیام بھی کیا۔ عمران خان لندن میں پانچ روز تک قیام کریں گے۔ جہاں وہ پارٹی رہنماوں اور اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ نجی تقاریب میں شرکت کریں گے۔ ساتھ پی ٹی آئی کے لیے فنڈ ریزنگ اور پی ٹی آئی کی رکنیت سازی مہم میں حصہ بھی لیں گے۔ نوازشریف اور شہباز شریف پہلے سے لندن میں موجود ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ، شاہ محمود قریشی اور نعیم الحق سمیت کئی پی ٹی ائی رہنما بھی لندن میں ہی ہیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اورچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت پاکستان کی اہم سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد میں لندن میں موجودگی بتارہی ہے کہ لندن ایک بار پھر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔ عمران خان 14 ستمبر کو لندن سے وطن واپس آئیں گے۔ اور حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخابات کے قبل ایک مرتبہ پھر لاہور کا دورہ کریں گے۔