Thursday, March 28, 2024

چیئرمین ایچ ای سی طارق بونیری کیخلاف کرپشن ، غیرقانونی بھرتیوں کی تحقیقات شروع

چیئرمین ایچ ای سی طارق بونیری کیخلاف کرپشن ، غیرقانونی بھرتیوں کی تحقیقات شروع
November 26, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین ایچ ای سی طارق بونیری بھی نیب کے ریڈار پر آگئے۔ ان کے کیخلاف کرپشن ، غیرقانونی بھرتیوں اور اختیارات سے تجاوز کی تحقیقات شروع ہو گئیں۔ چیئرمین نیب کو موصول ہونے والی درخواست میں انکشاف ہوا کہ طارق بونیری کی بطور چیئرمین ایچ ای سی تقرری میں سنگین قواعد کی خلاف ورزی کی گئی۔ طارق بونیری کی عمر 65 سال سے زائد ہے جو سرکاری اداروں، کمیشنز اور خود مختار باڈیز کے سربراہ کے لیے نااہلی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق طارق بونیری نے سرچ کمیٹی کے ممبران کو نوازنے کے لیے انہیں کمیشن کا ممبر تعینات کردیا جو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی سپریم پالیسی بنانے والی باڈی ہے۔ نیب کو ملنے والی شکایت میں یہ بھی کہا گیا کہ طارق بونیری دوہری شہریت بھی رکھتے ہیں اور کمیشن کے خرچے پر اکثر امریکہ کے دورے پر رہتے ہیں تاکہ اپنی مستقل شہریت بچا سکیں ، یوں وہ پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ کے تحت چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے کے لیے نااہل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایچ ای سی کی غفلت کی وجہ سے وزیر اعظم ہاوس میں یونیورسٹی بنانے کے منصوبے کے افتتاح میں چار کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ درخواست میں طارق بونیری کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر فوری تحقیقات کرنے کی استدعا کی گئی۔ چیئرمین نیب کو موصول ہونے والی شکایات میں درخواست گزار نے طارق بونیری کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے اور بیرون ملک فرار روکنے کی بھی درخواست کی ۔ نیب نے طارق بونیری کیخلاف شکایت موصول ہونے پر تمام متعلقہ اداروں سے ریکارڈ مانگ لیا ہے۔