Wednesday, April 24, 2024

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی عہدے سے مستعفی

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی عہدے سے مستعفی
February 11, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز)  چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ،  شبر زیدی نے اپنے فیصلے سے اعلٰی حکام کو آگاہ کر دیا۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے وزیراعظم عمران خان کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا کہا کہ بیماری کے باعث کام جاری نہیں رکھ سکتا، ڈاکٹر نے بھی آرام کا مشورہ دیا ہے۔ شبر زیدی نے دو ہفتے کی چھٹیوں کے بعد 21 جنوری کو دوبارہ دفتر سنبھالا تھا مگر ان کی طبیعت نہ سنبھل پائی اور وہ پھر غیرمعینہ مدت تک کیلئے رخصت پر چلے گئے۔ ماضی میں سندھ کی نگران حکومت کے دوران وزیر خزانہ کے طور پر خدمات انجام دینے والے شبر زیدی پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاونٹنٹ ہیں۔شبر زیدی ملک میں قائم انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان اورساؤتھ ایشین فیڈریشن آف اکاؤنٹنٹس کے صدر رہ چکے ہیں۔ گزشتہ روز حکومتی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو چیئرمین ایف بی آر کیلئے موزوں شخصیت تلاش کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم شبر زیدی کی بطور چیئرمین ایف بی آر قسمت کا حتمی فیصلہ بھی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔