Thursday, May 2, 2024

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
May 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی۔ ایف بی آر کے انیسویں گریڈ کے افسر علی محمد نے شبر زیدی کی تعیناتی چیلنج کی۔ درخواست میں نجی سیکٹر سے ایف بی آر میں تعیناتیاں روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں چیئرمین ایف بی آر کو فریق بنایا گیا۔ حکومت نے شبرزیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ نامزد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شبرزیدی کی چیئرمین ایف بی آر تقرری دو سال کے لیے اعزازی طور پر کی گئی ہے ۔ شبر زیدی بطور چیئرمین تنخواہ نہیں لیں گے لیکن ان کے پاس چیئرمین کےتمام اختیارات ہوں گے۔ اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیے جانے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد ایف بی آر کے اندرونی حلقوں کی جانب سے اس کی شدید مخالفت کی گئی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران بھی یہ معاملہ زیر غور آیا اور اراکین نے پارٹی چیئرمین سے شکوہ کیا کہ حکومتی پالیسیوں میں عوام کے نمائندوں کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا، پارلیمنٹ میں بھی اہل لوگ موجود ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی شبر زیدی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ بھی موجود تھے۔ شبر زیدی ٹیکس امور کے ماہر اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور وہ 2013 کے انتخابات سے قبل بننے والی سندھ کی عبوری حکومت میں وزیر بھی رہے ۔ شبر زیدی کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔