Tuesday, April 23, 2024

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی جانب سے اضافی گاڑیاں استعمال کرنیکا انکشاف

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی جانب سے اضافی گاڑیاں استعمال کرنیکا انکشاف
November 12, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی جانب سے اضافی گاڑیاں استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ حکومت کی کفایت شعاری مہم کو نظر انداز کرنے لگے۔ دونوں کی جانب سے اضافی گاڑیوں کے استعمال کا انکشاف ہوا جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔ زیادہ گاڑیاں استعمال کرنا چیئرمین اور سپیکر تنخواہ و مراعات ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے 2 مرسڈیز بینز، 2 وی ٹی آئی ، ایک ٹیوٹا فورچونر ایک کرولا استعمال کی جارہی ہیں جبکہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے ایک بلٹ پروف مرسڈیز کار اور 2 ہنڈا وی ٹی آئی گاڑیاں سکیورٹی مقاصد کیلئے دی تھیں۔ اسی طرح ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو بھی زیادہ گاڑیاں دی گئی ہیں۔ ایک ہنڈا وی ٹی آئی ، ایک لینڈ کروزراور ایک ٹیوٹا ہائی لکس ان کے زیر استعمال ہے۔ آڈٹ حکام نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی جانب سے گاڑیوں کے اضافی استعمال پر اعتراض عائد کر دیا اور قرار دیا چیئرمین کی جانب سے اضافی گاڑیاں استعمال کرنے کی وجہ سے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اضافی اخراجات آئے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو اضافی گاڑیاں دینے سے 99 لاکھ کا نقصان ہوا۔