Sunday, May 12, 2024

چہلم شہدائے کربلا، ملک بھر میں ماتمی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں

چہلم شہدائے کربلا، ملک بھر میں ماتمی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں
October 20, 2019
لاہور (92 نیوز) شہدائے کربلا کے چہلم کے حوالے سے ملک بھر میں ماتمی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور مختلف شہروں میں جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزر رہے ہیں، عزاداروں کی کثیر تعداد شریک ہے، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی جبکہ خصوصی مقامات پر موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔ ماتمی جلوس اور مجالس کے مقامات پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں ماتمی جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا گیا ہے، لاہور میں حویلی الف شاہ سے برآمد ہونے والا چہلم امام حسینؑ کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ کراچی میں چہلم امام حسینؑ کا جلوس کچھ دیر بعد نکلے گا، کوئٹہ میں علمدار روڈ سے برآمد ہونے والا جلوس بھی روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، ماتمی جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون اور ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ملتان میں چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ جوادیہ سے برآمدہوا،جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے، جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لئے جگہ جگہ پانی کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، ضلع بھر کے 9 ماتمی جلوسوں کی سکیورٹی پر 1620 پولیس اہلکار تعینات ہیں، چہلم جلوسوں کی 40 کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے بھی نگرانی جاری ہے۔ نواب شاہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس مرکزی مرتضوی امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے، جلوس دن بھر روایتی راستوں پر رواں دواں رہ کر واپس اپنی منزل مرتضوی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔