Saturday, April 20, 2024

چہلم امام حسین ؓ : مختلف شہروں میں جلوس برآمد‘ موبائل سروس بند‘ سکیورٹی سخت

چہلم امام حسین ؓ : مختلف شہروں میں جلوس برآمد‘ موبائل سروس بند‘ سکیورٹی سخت
December 3, 2015
لاہور (92نیوز) چہلم امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سلسلے میں ملک بھر سے جلوس برآمد ہو رہے ہیں جو مقررہ مقامات پر ختم ہونگے۔ مختلف شہروں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ جلوسو ں کے راستوں میں موبائل فون سروس بند کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چہلم امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سلسلے میں ملک بھر سے جلوس برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف شہروں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے اور سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ جلوسوں کے راستوں میں موبائل فون سروس بند ہے۔ پنجاب میں جلوس مقررہ راستوں پر ہوتے ہوئے شام کو منزل پر پہنچیں گے۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات پر مجالس بھی برپا کی جارہی ہیں جہاں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قربانی کے عظیم فلسفے کی عظمت بیان کی جارہی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، جھنگ ، بھکر ، ملتان ، ساہیوال اور بہاولپور میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ خیرپور ناتھن شاہ میں مرکزی جلاس علمدار چوک سے برآمد ہوا۔ ادھر کوئٹہ میں جلوس کے راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا ہے۔ پشاور میں بھی صورتحال انتہائی حساس قرار دی گئی ہے۔ سندھ میں حیدر آباد‘ سکھر‘ روہڑی‘ گھوٹکی سمیت دیگر شہروں میں جلوس نکالے جارہے ہیں۔ صوبوں کے پولیس سربراہان کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس ہائی الرٹ ہے۔