Friday, March 29, 2024

چھکوں‘ چوکوں کی برسات میں پاک ویسٹ انڈیز پہلا ٹی ٹوینٹی کل کھیلاجائےگا

چھکوں‘ چوکوں کی برسات میں پاک ویسٹ انڈیز پہلا ٹی ٹوینٹی کل کھیلاجائےگا
September 22, 2016
لاہور (92نیوز) سرفراز الیون انگلینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوینٹی میں تو جیت سے سرفراز ہوئی مگر اب چیلنج ہے کچھ بڑا کیونکہ مدمقابل ہے شارٹ فارمیٹ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا معرکہ کل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کل ٹکرا رہی ہے کالی آندھی سے۔ پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔ صحرا میں کرکٹ کے جلوے دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جیت کے لیے پر عزم ہیں اور کہتے ہیں کھلاڑی بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ دوسری جانب کالی آندھی کی تیاری بھی کسی سے کچھ کم نہیں۔ انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوینٹی جیت کر سرفراز الیون کا مورال بلندہے لیکن کرکٹ پنڈت کہتے ہیں کہ کالی آندھی کے پاس غصیلے بلے بازوں کی کمی نہیں۔ ایسے میں پاکستان کو جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ اس سلسلے میں سب سے زیادہ توقعات شرجیل خان سے ہیں جبکہ شادی کے بندھن میں بندھنے والے محمد عامر کو بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے جان وکٹوں میں کچھ نیا کر دکھانا ہوگا۔ شارٹ فارمیٹ کی دو بڑی ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے چار میچز میں سے دونوں ٹیموں نے دو‘ دومیں فتح سمیٹی ہے۔