Friday, April 26, 2024

چھٹی کے روز سیاحوں کی کثیرتعداد مری امڈ آئی

چھٹی کے روز سیاحوں کی کثیرتعداد مری امڈ آئی
January 13, 2019
مری ( 92 نیوز) برفباری کے بعد ملکہ کوہسار کےحسین نظارے دیکھنے کے لئے چھٹی کے روز سیاحوں کی کثیر تعداد امڈ آئی  جنہوں نے خوب موج مستیاں کیں اور ایک دوسرے پر برف پر گولے برسائے ۔ ملکہ کوہسار پر روئی کے گالوں کی ماند برفباری کا سلسلہ تھما تو سیاحوں نے ویک اینڈ کو غنیمت جانتے ہوئے مری کا رخ کرلیا، قدرت کےحسین نظاروں نے سیاحوں پر اپنا سحرطاری کردیا۔ مری میں دو فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ، نرم وگرم دھوپ میں سیاحوں نے برف پر خوب موج مستیاں کیں ۔ایک دوسرے پر برف کے گولے برسائے۔ قدرت کے دلکش نظاروں کو کیمرے کی آنکھ میں بند کیا  اور  سلفیوں کے دور بھی چلے ۔ مال روڈ پر سیاحوں کا سیلاب امڈ آیا، جنہوں نے یخ بستہ ہواؤں میں  چائے ،کافی اور سوپ کو  انجوائے کیا ،  منچلے نوجوانوں نے میوزک پر رقص کیا اور خوب داد بھی وصول کی ۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ ملکہ کوہسار میں خوشی کے یہ لمحات ان کے لئے یاد گار ہیں۔ ویک اینڈ پر ہزاروں گاڑیاں ٹول پلازہ سے داخل ہوئیں، جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔