Sunday, May 12, 2024

چھوٹے فائدے کے لیے بیانیہ بدل دیا، مریم نواز

چھوٹے فائدے کے لیے بیانیہ بدل دیا، مریم نواز
March 27, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ صف بندی ہوگئی، لکیر بڑی واضح ہے، اگر تابعداری کرنی ہے، سلیکٹ ہونا ہے تو عمران خان کی پیروی کرنی چاہیے، چھوٹے فائدے کے لیے بیانیہ بدل دیا۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے پیپلزپارٹی پر طنز کے نشتر برساتے ہوئے کہا، عوامی طاقت پر بھروسہ کرنے والے ڈیل کرکے نکل نہیں جاتے، حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ن لیگ، مولانا اور دیگر جماعتیں ہی کافی ہیں۔

انہوں نے کہا، کوشش یہی ہے پہلے پی ڈی ایم کے صدر کا موقف سامنے آ جائے، نہایت افسوس ہے اندازہ ہونے کے باوجود آپ نے چھوٹے سے عہدے کے لیے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، عوام سے زیادہ نقصان آپ کو خود پہنچا۔ یہ ن لیگ سمیت پی ڈی ایم کی شکست نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آدھا تیتر آدھ بٹیر والا کام نہیں ہو گا، کھل کر سامنے آنا پڑے گا۔ پاکستان کے عوام جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں مجھے تسلی ہے، مسلم لیگ ن کے ورکرز نے نیب کے سیاسی نوٹس کو روکا۔ ضمنی الیکشن کے نتائج اس بات کی تصدیق ہے کہ عوام جمہوریت کے ساتھ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں پرویز مشرف دنیا کے سامنے نشان عبرت بن چکے، جسٹس وقار کا فیصلہ ہر اس شخص کے خلاف ہے جس نے جمہوریت کے خلاف شب خون مارا۔

مریم نواز مزید بولیں کہ میں یا میاں صاحب اپنے اصول قربان کر دیں تو ہم بھی بھاری ہو جائیں، بھاری ہونا سب کو آتا ہے لیکن اصول پر چلنا اچھی بات ہے۔

مریم نواز نے جاتی امرا اراضی کیس میں ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے۔