Monday, September 16, 2024

چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن‘ علاقہ سیل، یرغمالیوں کو چھوڑنے کی وارننگ

چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن‘ علاقہ سیل، یرغمالیوں کو چھوڑنے کی وارننگ
April 17, 2016
راجن پور (92نیوز) راجن پور کے علاقے کچہ جمال میں بین الصوبائی ڈکیت گینگ چھوٹو کے خلاف آپریشن ضرب آہن بیسویں ویں روز بھی جاری ہے۔ چھوٹو گینگ کو پولیس اہلکاروں کی رہائی اور ہتھیار ڈالنے کے لئے آج شام تک کی مہلت دی گئی ہے۔ یرغمالی پولیس اہلکاروں کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے آپریشن ضرب آہن کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے چھوٹو گینگ کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے جوان چھوٹو گینگ کی پناہ گاہوں کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔ چھوٹو گینگ کو پولیس اہلکاروں کی رہائی اور ہتھیار ڈالنے کی مہلت دی گئی ہے جبکہ دوسری طرف یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اگلے مورچوں پر فوج اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں جب کہ ڈرون طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے چھوٹو گینگ پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ سکیورٹی فورسز کی پہلی ترجیح مغوی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی ہے۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھوٹو گینگ کو معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں نو ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی ہے جو نہ صرف غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے کارندوں کو مختلف قسم کی معاونت فراہم کرتے تھے بلکہ پولیس اور گینگ کے درمیان رابطوں کا بھی کام کرتے تھے۔ آپریشن کے باعث علاقے میں کرفیو نافذ ہے تاہم صبح چھ سے آٹھ بجے تک کرفیو میں نرمی کی گئی۔ کچہ جمال میں ڈاکوو¿ں نے یرغمال پولیس اہلکاروں کو ڈھال بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے سکیورٹی فورسز کو علاقہ کلیئر کرانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔