Monday, September 16, 2024

چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن شروع‘ کرفیو نافذ‘ دھماکوں کی آوازیں

چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن شروع‘ کرفیو نافذ‘ دھماکوں کی آوازیں
April 18, 2016
راجن پور (92نیوز) راجن پور میں پاک آرمی نے چھوٹوگینگ کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ گن شپ ہیلی کاپٹرز کی پروازیں، کچے کا علاقہ فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ سندھ پنجاب سرحد پر بتیس چوکیاں قائم کردی گئیں۔ آپریشن سے پہلے کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم نے بھی کچے کے علاقے کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چھوٹو گینگ کی چھٹی ہونے کا وقت آن پہنچا۔ پاک فوج کے جوانوں نے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن شروع کر دیا جس کے بعد سے سارا علاقہ فائرنگ اوردھماکوں کی آوازوں سے گونج رہا ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے آپریشن سے پہلے ڈکیت گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو کی پناہ گاہوں کچہ جمال اور کچی مورو کے تمام علاقوں کو گھیرے میں لے لیا تھا جبکہ علاقے کے دریائی راستے بھی سیل کر دیے گئے تھے۔ کچے سے جڑے علاقوں میں کرفیو لگا دیا گیا ہے اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے ۔ پاک آرمی آپریشن کےساتھ ساتھ ڈاکوو¿ں کی تحویل میں موجود مغوی پولیس اہلکاروں کی باحفاظت بازیابی کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔