Saturday, May 4, 2024

چھبیسویں آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش

چھبیسویں آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش
May 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) چھبیسویں آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیاْ سابقہ فاٹا میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں آئینی ترمیم کے ذریعے بڑھائی جائیں گی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران فاٹا کی نشستوں سے متعلق 26 ویں آئینی ترمیم کا بل منظوری کے لیے ایوان میں پیش کردیا گیا۔ بل فاٹا سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے پیش کیا۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے فاٹا کی نشستوں سے متعلق بل پر دھواں دھار تقریر کی اور کہا فاٹا سے متعلق بل پاس کرنے جا رہے ہیں، پرائیویٹ ممبر ڈے پر آئینی بل میں ترمیم خوش آئند ہے، قبائلی علاقہ 4 دہائیوں سے بدامنی کا شکار رہا۔ ریاست ماں ہوتی ہے، ماں زخموں پر مرہم رکھتی ہے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی صرف پاکستان کو ہوئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری فوج نے قربانیاں دیں۔ ہماری سویت یونین کے ساتھ کوئی جنگ نہیں تھی، امریکا افغانستان میں شکست کھا چکا، بھاگنے کا راستہ ڈھونڈ رہا ہے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا فاٹا جسے علاقہ غیر کہتے تھے آج ہم نے اسے اپنالیا۔ ہمارے اپنے لوگ فاٹا کو علاقہ غیر کہتے تھے۔ کاش یہ بات 70 سال پہلے کسی کو سمجھ آجاتی، 70 سال بعد ایسا موقع آیا کہ فاٹا کے لوگ خیبرپختونخوا میں ضم ہو چکے۔ بل پر بحث جاری تھی کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے  اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا۔