Thursday, March 28, 2024

چھ افراد کے قتل میں ملوث ن لیگی ایم این اے کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام

چھ افراد کے قتل میں ملوث ن لیگی ایم این اے کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام
October 28, 2016
لاہور (92نیوز) نائنٹی ٹو نیوز کی خبر پر فوری ایکشن۔ چھ افراد کے قتل میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چودھری عابد رضا کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام۔ لاہور ائیرپورٹ سے استنبول جا نے والی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چودھری عابد رضا دوہزار تیرہ کے الیکشن میں گجرات کے حلقہ این اے ایک سو سات سے مسلم لیگ نون کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوا تھا۔ سپریم کورٹ نے ایم این اے عابد رضا کو راضی نامہ کی بنا پر چھ افراد کے قتل کے مقدمے میں بری کرنے کے فیصلے کو معطل کرکے موت کی سزا کو بحال کر دیا تھا جس کے بعد چودھری عابد رضا نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اس کو ائیرپورٹ پر روک لیا گیا۔ چودھری عابد رضا کے خلاف گجرات میں چھ افراد کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کرایا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق عابد رضا‘ غلام رسول، محمد غضنفر اور نجیب اللہ نے فائرنگ کر کے کانسٹیبلز جاوید اقبال، میاں نصیر ، مظفر علی اور شہری منورحسین، غلام حبیب اور اشتیاق کو قتل کر دیا تھا۔ فائرنگ سے گیارہ افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دوہزار تین میں مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے چاروں ملزموں کو چھ‘ چھ بار موت کی سزا سنائی جس کے بعد فریقین میں صلح ہو گئی اور ملزموں نے اس صلح کی بنیاد پر مقدمے میں بری ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے یہ فیصلہ دیا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ءکے مطابق انسداد دہشت گردی کی دفعات کی موجودگی میں صلح نہیں ہو سکتی۔