Friday, April 26, 2024

چکوال میں سیمنٹ فیکٹریوں کے زیرزمین پانی کے استعمال کے معائنے کیلئے کمیشن قائم

چکوال میں سیمنٹ فیکٹریوں کے زیرزمین پانی کے استعمال کے معائنے کیلئے کمیشن قائم
November 14, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے چکوال میں سیمنٹ فیکٹریوں کی جانب سے زیرزمین پانی کے استعمال کا معائنہ کرنے کیلئے دو رکنی کمیشن قائم کردیا،  چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کمیشن سے عدم تعاون پر مقدمات درج ہوں گے ،   ٹیسٹ سے سامنے آ جائےگا پانی بارش کا ہے یا ٹیوب ویل کا،  شرم آ رہی ہے کئی بڑی بڑی کمپنیاں کیا کر رہی ہیں۔ سپریم کورٹ نے  ایڈیشنل رجسٹرار اور ایچ آر پر مشتمل دو رکنی کمیشن قائم کردیا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال کو بھی کل کمیشن کے ہمراہ جانے کا حکم جاری کیا گیا ۔ کمیشن کو  ٹیوب ویلز کے 6 ماہ کے بل کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔ دوران سماعت بغیر تیاری آنے پر ڈی سی چکوال کی سرزنش بھی کی گئی ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آپکو معلوم ہی نہیں کہ رپورٹ میں کیا لکھا ہے۔کم از کم اپنی بنائی ہوئی رپورٹ پڑھ کر آئیں ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ڈی سی صاحب کیا فیکٹری  والوں سےواقفیت نکل آئی ہے؟،عدالت کو سختی پر مجبور نہ کریں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سیمنٹ فیکٹریوں کے زیر زمین تالاب بارش سے نہیں ٹیوب ویل سے بھرے گئے ہیں ،ٹیسٹ کروائیں گے، سب پتہ چل جائے گا۔ فیکٹریوں نے عدالت میں گارنٹی جمع کروا رکھی ہے، خلاف ورزی پر گارنٹی کیش کروا لیں گے ، سمینٹ فیکٹریاں سارے چکوال کا چونا کھا گئی ہیں۔ عدالت نے کمیشن کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےسماعت جمعہ تک ملتوی کردی ۔