Thursday, April 25, 2024

چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت پر توہین عدالت کیس، امین اسلم اور زرتاج گل سے جواب طلب

چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت پر توہین عدالت کیس، امین اسلم اور زرتاج گل سے جواب طلب
August 27, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں چڑیا گھرمیں جانوروں کی ہلاکت پر توہین عدالت کیس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی امین اسلم، وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی۔ چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت پر توہین عدالت کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ ریمارکس دئیے کہ جس طرح چڑیا گھر میں غفلت ہوئی، لگتا ہے پوری ریاست ایسے ہی چل رہی ہے۔ نیا وائلڈ لائف بورڈ گزٹ میں چھپا نہیں اور پرانے نوٹیفکیشن میں وزیر اعظم بھی رکن ہیں لیکن ان کو تو معلوم بھی نہیں ہوگا کہ چڑیا گھر میں کیا ہوا؟ کیوں نا جانوروں کی ہلاکت کے ذمہ داروں کو انہیں پنجروں میں دو دو گھنٹے کیلئے بند کردیں؟۔ استفسار کیا، کیا تمام بورڈ ممبران نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا؟۔ دوران سماعت وزیر اعظم کے معاون خصوصی امین اسلم اور وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے جواب کیلئے مہلت مانگ لی جبکہ چیئرمین سی ڈی اے نے جمع کرائے گئے جواب میں معاملے سے لا تعلقی کا اظہار کردیا۔ بطور ممبر وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ غیرمشروط معافی قبول کرنے اور شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا کردی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بااثر بورڈ ممبران ذمہ داری سے جان چھڑا کر چھوٹے ملازمین کو آگے کر دیتے ہیں جو افسران ہیں وہ نان آفیشلز پر تمام ذمہ داری ڈال دیتے ہیں۔