Thursday, April 25, 2024

چپ تعزیہ کا جلوس نشترپارک کراچی سے برآمد

چپ تعزیہ کا جلوس نشترپارک کراچی سے برآمد
November 6, 2019
کراچی ( ویب ڈیسک )  چپ تعزیہ کا جلوس نشتر پارک کراچی سے برآمد ہو گیا، جلوس اپنے روایتی روٹ سے ہو کر کھارا در پہنچ کر اختتام پذیر ہو جائے گا ، دوسرا بڑا جلوس رضویہ سے برآمد ہو گا جب کہ شاہ نجف پر اختتام کرے گا۔ ایام عزاء کے آخری  دن کی مناسبت سے کراچی  میں چپ تعزیہ کا جلوس صبح برآمد ہوا  جب کہ  اس سے پہلے نشتر پارک کراچی میں چپ تعزیہ کی مرکزی مجلس بھی منعقد کی گئی ۔ چپ تعزیہ کا ایک جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں  ، پرانی نمائش ، ایم اے جناح روڈ ، صدر تبت سینٹر ، عید گاہ  سے ہوتا  ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ دوسری جانب  رضویہ سے  جلوس برآمد ہوا جو شاہ نجف مارٹن کوارٹرز پر اختتام پذیر ہو گا ، جلوس  لسیبلہ ، پرانا لیاقت آباد اور جیل روڈ سے گزرے گا۔ چپ تعزیہ کے جلوسوں کے سلسلے میں روٹس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جبکہ جلوس کے ساتھ بھی  پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہے  ، جلوس کی گزر گاہوں اور اطراف کی سڑکوں و راستوں کوکنٹینرز سمیت دیگر رکاوٹوں سے سیل کر دیا گیا ہے ۔ اس موقع پر پورے سندھ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے ، جلوس کی سکیورٹی پر کل 8 ہزار 314 افسران واہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں ۔