Wednesday, May 8, 2024

چوہدری برادران، حنا ربانی کھر، سمیت کئی شخصیات کے خلاف انکوائری شروع

چوہدری برادران، حنا ربانی کھر، سمیت کئی شخصیات کے خلاف انکوائری شروع
February 14, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) نیب نے چوہدری برادران، حنا ربانی کھر، غلام ربانی کھر سمیت کئی شخصیات کے خلاف انکوائری کھول دی۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ایک بار پھر میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 13 انکوائریز کی منظوری دے دی ۔ ترجمان نیب کے مطابق  چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہی کیخلاف 3 انکوائریز کی جائیں گی۔ سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، غلام ربانی کھر کو نیب انکوائریز کا سامنا ہے۔ فاٹا ہیلتھ سروسز ڈائریکٹریٹ کے افسروں کیخلاف انکوائری چیف سیکرٹری کے پی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نیب نے بدعنوانی کے 3 نئے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ اختیارات کے ناجائز استعمال پر کامران لاشاری، غلام سرور سندھو اور دیگر کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا جائےگا۔ سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع  اور دیگرکے خلاف ریفرنس کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔ ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ ڈپلومیٹک شٹل سروس کا ٹھیکہ اور لائسنس غیر قانونی طور پر دیا گیا۔ پختونخوا میں صاف پانی منصوبے کے فنڈز میں خورد برد کرکے قومی خزانے کو 195.043 ملین روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ سابق سیکرٹری ایل جی کے پی اور دیگر افسروں کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  میگا کرپشن کے تمام مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ بدعنوانی کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق چیئر مین نیب نے کہا کہ نیب احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے ۔ چیئر مین نیب نے مزید کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ نیب سمیت تمام پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے ، ملکی دولت لوٹنے والے بدعنوان عناصروں کی گرفتاری کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کئےجائیں گے ۔