Friday, April 19, 2024

چوکرز پھر چوک گئے

چوکرز پھر چوک گئے
March 24, 2015
آکلیںڈ(سپورٹس ڈیسک)چوکرز ایک بار پھر چوک گئےورلڈ کپ کے ناک آوٹ مرحلے میں ناقص فیلڈنگ کے باعث جنوبی افریقہ کو چوتھی مرتبہ سیمی فائنل میں شکست کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پروٹیز فیلڈرز نے کئی کیوی  بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے مواقع ضائع کئے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جیت کے لئے جان مارنےوالی جنوبی افریقی ٹیم اپنی ناقص فیلڈنگ کے باعث ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ پروٹیز کپتان ڈویلئیرز نے بھی مس فیلڈنگ میں اپنا حصہ ڈالا۔ ورلڈ کپ سیمی فائنل معرکے میں پروٹیز کپتان اے بی ڈویلئیرز نے اپنی ہی ٹیم کی نیہا ڈبودی۔ پروٹیز کپتان ڈویلئیرز نے نیوزی لینڈ کی اننگز کے بتیسویں اوور میں کورے اینڈرسن کو رن آؤٹ کرنے کا موقع گنوادیا اور آؤٹ کرتے کرتے خود وکٹ پر جاگرے۔ ڈویلئیرز آئی سی سی کے رولز کے مطابق گری ہوئی وکٹ کو اٹھا کر دوبارہ اس پر گیند لگانا ہی بھول گئے۔ بیالیسویں اوور کی دوسری گیند پر پروٹیز فیلڈرز ہاشم آملہ اور ڈوپلیسی گرانٹ ایلیٹ کا اہم کیچ پکڑ ہی نہ پائے۔ بیالیسویں اوور کی چھٹی گیند پر ڈومینی اور بیہارڈائن نے مس فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایلیٹ کا کیچ ایک بار پھر چھوڑ دیا۔ تینتالیسویں اوور کی پہلی گیند پر ویٹوری نے بائی کا اسکور لیا اور اس دوران پروٹیز وکٹ کیپر ڈی کاک نے گرانٹ ایلیٹ کے آؤٹ ہونے کا ایک اور موقع ہاتھ سے جانے دیا۔