Friday, April 19, 2024

چونیاں میں بچے کو قتل کرنے والے سفاک ملزم کو تین مرتبہ سزائے موت کا حکم

چونیاں میں بچے کو قتل کرنے والے سفاک ملزم کو تین مرتبہ سزائے موت کا حکم
July 14, 2020
چونیاں (92 نیوز) چونیاں میں بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے سفاک ملزم کو تین مرتبہ سزائے موت کا حکم سنا دیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے چونیاں میں بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے ملزم کو تین مرتبہ سزائے موت اور عمر قید کی سزا سنا دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے فیصلہ سنایا۔ ملزم سہیل شہزاد نے چونیاں بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے چالان عدالت میں پیش کیا تھا۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزائے موت اور عمر قید کا فیصلہ جاری کر دیا۔ ملزم کے خلاف چونیاں پولیس نے دوہزار انیس میں مقدمہ درج کیا تھا۔ قصور کی تحصیل چونیاں میں دو ہزار انیس میں  ڈھائی ماہ کے دوران 4 بچوں کو اغواء کیا گیا جن میں فیضان، علی حسنین، سلمان اور 12 سالہ عمران  کے نام شامل تھے۔ ان کی لاشیں جھاڑیوں سے ملی تھیں جب کہ بچوں سے زیادتی کی بھی تصدیق ہوئی تھی۔ اس واقعے کے بعد چونیاں شہر میں عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور تھانے پر حملہ کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں کے اغواء، زیادتی اور پھر قتل کے واقعے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ بعدازاں پولیس نے ملزم سہیل شہزادہ کی گرفتاری کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی اور ملزم کا سراغ لگانے کے لیے ہر طریقہ استعمال کر کے انتہائی مہارت سے پوری حکمت عملی سے گرفتار کر لیا۔