Tuesday, May 21, 2024

چونیاں آپریشن کیلئے اہلکاروں نے انڈر کور کام کیا، آرپی او شیخو پورہ

چونیاں آپریشن کیلئے اہلکاروں نے انڈر کور کام کیا، آرپی او شیخو پورہ
October 3, 2019
لاہور ( 92 نیوز) آر پی او شیخوپورہ سہیل حبیب تاجک نے بتایا کہ  پولیس نے ملکی تاریخ کے بڑے اسکینڈل کو چند دنوں میں حل کر لیا ۔ چونیاں آپریشن کیلئے اہلکاروں نے انڈر کور کام کیا۔ آر پی او شیخوپورہ سہیل حبیب تاجک نے 92 نیوز کے پروگرام صبح سویرے پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے چونیاں آپریشن سے متعلق  بتایا، انہوں نے پولیس کے آپریشن سوارمنگ ایفکٹ سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ آر پی او شیخوپورہ نے بتایا کہ ملزم کی عمر 27 سال ہے، بارہ سال کی عمر میں اس کے اپنے ساتھ بھی زیادتی ہو چکی ہے، جبکہ ملزم ایک بچے سے بدفعلی کے الزام میں جیل بھی کاٹ چکا ہے۔ آر پی او شیخوپورہ نے والدین کو بچوں کی تربیت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پرنسل سیفٹی اسکلز سکھائیں۔ آر او پی او شخوپورہ نے آئندہ اس قسم کے واقعات سے بچنے کیلئے کچھ تجاویز بھی پیش کیں ، سانحہ قصور اور اس کے بعد چونیاں جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے مزید قانون سازی پر بھی زور دیا۔ دوسری طرف سانحہ چونیاں پر محکمہ داخلہ اور پنجاب پولیس کے روایتی اختیارات کی جنگ میں نیا موڑ آگیا،وزیراعلیٰ سے شاباش لینے کے لیے سربراہ فرانزک سائنس ایجنسی نے آئی جی پنجاب کو لاعلم رکھ کر چونیاں کے ملزم کی شناخت رپورٹ پیش کر دی۔ قواعد کے مطابق فرانزک سائنس ایجنسی ٹیسٹ رپورٹ پہلے آئی جی پنجاب کو دینے کی پابند تھی۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب کو ہنگامی بنیادوں پر بلواکر اطلاع دی، آئی جی پنجاب اہم ترین معاملہ پر لاعلم رہنے سے وزیراعلیٰ کے سامنے لاجواب ہو گئے ۔