Saturday, April 20, 2024

چونتیس ملکی اتحاد میں شامل ہونے سے پاکستان میں فرقہ واریت کا خدشہ ہے : عمران خان

 چونتیس ملکی  اتحاد میں شامل ہونے سے پاکستان میں فرقہ واریت کا خدشہ ہے : عمران خان
December 18, 2015
لاہور(92نیوز)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے اتحاد میں پاکستان کی شمولیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے. کہتے ہیں تاثر ہے کہ اتحاد ایران کے خلاف بنایا جا رہا ہے، اس کا حصہ بننے سے پاکستان میں فرقہ وارانہ تصادم کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق اسلام آباد سے لاہور آمد کے بعد میڈیا اور سینئررہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے قائد نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوست ہے لیکن اتحاد میں شامل ہونے سے قبل پارلیمنٹ میں اس پر بحث کروانی چاہئے تھی انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  کہتے ہیں کہ عمران خان پارلیمنٹ میں نہیں آتا جب ٹیکسوں کے معاملات اور خارجہ امور پر بحث ہی نہیں ہونی تو پھر اجلاس میں جانے کا کیا فائدہ  پارلیمنٹ کو زیرو کر کے خود جمہوریت کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف ہر بندے کی قیمت لگاتے ہیں لیکن وہ ان کی قیمت نہیں لگا سکتےحکومت سے کوئی میثاق جمہوریت نہیں ہو سکتا اقتصادی راہداری کا روٹ بہتر بناتے تو بلوچستان میں آزادی کی تحریکوں کا خاتمہ ہوتا انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم رینجرز کے خلاف متحد ہو گئی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں، پاکستان اور بھارت کو مذاکرات سے مسائل حل کرنے چاہئیں۔ عمران خان نے قوم کو خوشخبری سنائی کہ شوکت خانم پشاور کیلئے مطلوبہ اسی کروڑ میں سے پچاس کروڑ روپے چندہ جمع ہو گیا ہے انتیس دسمبر تک باقی تیس کروڑ بھی اکٹھے ہو جائیں گے.