Thursday, April 25, 2024

چولستان : قائداعظم سولر پاور منصوبہ ہدف سے زیادہ بجلی پیدا کرنے لگا

چولستان : قائداعظم سولر پاور منصوبہ ہدف سے زیادہ بجلی پیدا کرنے لگا
September 29, 2016
چولستان (92نیوز) چولستان کے صحرا میں روشنی کی کرن قائداعظم سولر پاور منصوبہ سسٹم میں بجلی ڈالنے لگا۔ سومیگاواٹ کا پائلٹ پراجیکٹ ہدف سے آگے نکل گیا لیکن یہاں سے پیدا ہونیوالی بجلی بڑی مہنگی ہے۔ فی یونٹ اٹھارہ روپے میں پڑرہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 1000 میگاواٹ کا قائداعظم سولر پاور منصوبہ‘ اندھیرے تو مٹیں گے لیکن بجلی پڑے گی مہنگی۔ پنجاب حکومت کے پائلٹ پراجیکٹ سے 100 میگاواٹ سسٹم میں آچکے ہیں لیکن یہاں سے نکلنے والی بجلی پڑ رہی ہے پورے 18 روپے فی یونٹ۔ انتظامیہ کررہی ہے دعویٰ کہ منصوبہ ہدف سے آگے نکل گیا۔ مطلب یہ کہ پیدا کرنے تھے ایک لاکھ 53ہزار ملین یونٹ لیکن یہ توایک لاکھ 60ملین یونٹ پیدا کر گیا۔ 14سے 15ہزار میگاواٹ شمسی توانائی سسٹم میں آچکی ہے۔ اس منصوبے کےلئے 4لاکھ پینل لگائے گئے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے علاوہ ٹھیکہ دینے کی باری آئی تو بجلی پیدا کرنے میں جلد باز حکومت پیپرا رولز ہی بھول گئی۔ یورپ‘ امریکہ ا ور ترکی سے کمپنیاں آئیں لیکن سب کی سب نظر انداز ہوگئیں۔ قسمت کھلی تو صرف چینی کمپنی زونرجی کی۔ پوری دنیا میں ٹیلی کام کمپنی کے نام سے مشہور زونرجی کو 900میگاواٹ کا ٹھیکا دے دیا گیا۔ کمپنی نے اپنے ہی نیچے 9 ذیلی کمپنیاں بنائیں اور سب کو 100،100میگاواٹ بانٹ دیے۔ زونرجی اب تک 300میگاواٹ کا منصوبہ لگا چکی ہے۔ 600میگاواٹ کے منصوبے پر ابھی کام جاری ہے۔ منصوبے کےلئے ہزاروں ایکڑ زمین پٹے پر لی گئی ہے۔ منصوبے کی لاگت پر ڈیڑھ ارب ڈالرلگیں گے یعنی ایک بار کی انوسٹمنٹ پھر 25سال تک کمائی۔ یہاں سے پیدا ہونیوالی بجلی 14روپے فی یونٹ پڑے گی۔ ملک سے اندھیرے تو ختم ہونگے لیکن عوام کی جیبیں خالی ہونے کے بعد حکومت نے بھی نکتہ چینی سے بچنے کےلئے اس منصوبے کو بھی سی پیک کا حصہ بنا دیا ہے۔