Friday, April 26, 2024

چوری کا مقدمہ‘ گلوکار بلال سعید کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور

چوری کا مقدمہ‘ گلوکار بلال سعید کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور
September 24, 2016
لاہور (92نیوز) گلوکار بلال سعید کی چوری کے الزام میں درج مقدمے میں عبوری ضمانت منظور۔ لاہور کی مقامی عدالت نے گلوکار کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ درخواست ضمانت پر متعلقہ پولیس کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج ساحر اسلام نے گلوکار بلال سعید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ کارروائی کے دوران گلوکار کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف ایک خاتون رخسانہ نوشین نے ڈالر اور زیورات کی چوری کے الزام میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ درخواست ضمانت میں کہا گیا کہ بلال سعید کے خلاف درج مقدمہ من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔ مقدمہ میں لگائے گئے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔ اس جھوٹے مقدمہ کا مقصد گلوکار کی شہرت کو نقصان پہنچانا ہے۔ وکیل نے استدعا کی بلال سعید کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔ عدالت نے ابتدائی دلائل کے بعد گلوکار بلال سعید کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے اٹھائیس ستمبر تک گلوکار کو گرفتار نہ کرنے حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر متعلقہ پولیس کو بھی نوٹس جاری کر دیے۔