Tuesday, April 16, 2024

چودہ لاشیں اور 100 زخمی لاہور میں پاک فوج اور رینجرز کے منتظر ہیں: طاہرالقادری

چودہ لاشیں اور 100 زخمی لاہور میں پاک فوج اور رینجرز کے منتظر ہیں: طاہرالقادری
December 22, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور پہنچ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھیانک کھیل کھیلا جا رہا ہے‘ وہ ظالموں کیخلاف جہاد کر رہے ہیں‘ حکمرانوں سے سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کا بدلہ لے کر رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری پانچ ماہ کے بعد وطن پہنچے تو عوامی تحریک کے کارکنوں نے ان کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ماڈل ٹاون کے شہداءکا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ کوئی بھی طاقت انہیں عدل و انصاف کیلئے جدوجہد اور جنگ سے روک نہیں سکتی۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کی ایف آئی آر جوں کی توں پڑی ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا چودہ لاشیں اور سو زخمی لاہور میں بھی پاک فوج اور رینجرز کے منتظر ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔ دہشت گردی کے پیچھے کرپشن کا پیسہ استعمال ہو رہا ہے۔ کراچی آپریشن کو حکمران مل کر ناکام بنا رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو عوام کو انصاف کی فراہمی میں کوئی دلچسپی نہیں۔ حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کرنے کی ٹھان لی ہے‘ ملک کو کاروبار کی طرح چلایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ لودھراں میں تحریک انصاف کی جانب سے اتحاد کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔