Friday, April 26, 2024

چودھری نثار کے دعوے دھرے رہ گئے !!! اسلام آباد میں سیو دی چلڈرن کا دفتر کھل گیا

چودھری نثار کے دعوے دھرے رہ گئے !!! اسلام آباد میں سیو دی چلڈرن کا دفتر کھل گیا
June 25, 2015
اسلام آباد (92نیوز) دبنگ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ملکی مفاد میں کام کرنے والی غیرملکی این جی او ”سیو دی چلڈرن“ کا اسلام آباد میں سیل کیا گیا دفتر اچانک کھول دیا گیا۔ دفتر کھولے جانے پر این جی او انتظامیہ نے حکومت اور وزیر داخلہ کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے حکم پر ریڈ زون میں واقع بین الاقوامی این جی او سیو دی چلڈرن کے دفتر کو سیل کرکے مسلح پہرہ بٹھا دیا گیا تھا۔ پھر اچانک کچھ ایسا ہوا کہ دبنگ وزیر داخلہ وضاحتوں پر اتر آئے اور پھر وزارت داخلہ نے اس این جی او کودوبارہ کام کی اجازت دینے کا آفس میمورینڈم جاری کردیا جبکہ اس اقدام پر ہونیوالی سخت تنقید کے باوجود وزیر داخلہ نہ صرف اپنے بیان پر ڈٹے رہے بلکہ کسی غیر ملکی دباو کی خبروں کو بھی یکسرمسترد کر دیا ۔ تین ہفتے بعد وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں جب اچانک سیو دی چلڈرن کا اسلام آباد میں دفتر بھی دوبارہ کھول دیا گیا۔ دفتر ڈی سیل ہوتے ہی عملہ واپس آگیا اور قلعہ نماگھر میں قائم اس دفتر کا سکیورٹی سٹاف آنے جانے والوں کو بھی روک رہا ہے۔ سیو دی چلڈرن این جی او پر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات ہیں اور اس کا اصل چہرہ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد سامنے آیا۔ ملکی سلامتی کے اداروں کی جانب سے رپورٹس میں بھی غیرملکی ایجنڈے پر کام کرنے والی اس این جی او کو ملکی مفاد کے منافی قرار دیا گیا ہے۔