چودھری نثار نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو سیاسی لنڈے بازار کے لوگ قرار دیدیا
راولپنڈی ( 92 نیوز) چودھری نثار علی خان نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو سیاسی لنڈے بازار کے لوگ قرار دے دیا ، دھمیال کیمپ راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار کبھی پیپلزپارٹی ، کبھی مشرف کی حکومت تو کبھی ق لیگ میں ہوتے ہیں ۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے مسلم لیگ ن کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ میرے مخالف ایک اسکول کو اپ گریڈ نہیں کر سکتے ، مجھ پر کوئی مشکل وقت نہیں ہے ، نہ مایوس ہو نہ پریشان ہوں ، گلی کوچوں میں میرے ووٹ مانگو مقابلہ آپ کا کا مخالفین سے نہیں آپس میں ہے ، دیکھنا ہے کون سے علاقے کے لوگ زیادہ ووٹ دیں گے ۔ آئندہ پانچ سال میں اس سے زیادہ کام ہونگے ۔
جلسے کے دوران ایک شخص نے نعرہ لگایا کہ ہمیں پانی نہیں ملا ، چودھری نثار نے جھاڑ پلاتے ہوئے کہا چپ کرو ، 70 فیصد افراد کو پانی ملا ہے ،جنہیں ملا ہے وہ اللہ کا شکر ادا کر رہے ہیں ، میرے مخالفین کوئی فرشتے نہیں ہیں ،جو ٹیکسلہ سے آیا ہے وہ پانچ سال وفاقی وزیر رہا اس سے پوچھو پانی کیوں نہیں آیا ۔
چودھری نثار علی خان نے کراچی آپریشن کا کریڈٹ بھی خود کو دیتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن میں نے شروع کیا ، اگست ستمبر 2013 کی اخباریں نکال کر دیکھو نہ نواز شریف سے پوچھا نہ فوج سے پوچھا ، ہندستانی وزیرداخلہ کو پاکستان سے بھگایا ۔