Sunday, September 8, 2024

چودھری عبدالمجید کا آزاد کشمیر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج ،برجیس طاہر کی برطرفی کا مطالبہ

چودھری عبدالمجید کا آزاد کشمیر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج ،برجیس طاہر کی برطرفی کا مطالبہ
January 19, 2016
مظفرآباد(92نیوز)آزاد کشمیر حکومت کی  جانب سے  وزیراعظم چو دھری عبدالمجید کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا گیا، مظاہرین نےکشمیر کونسل فنڈز کے اجرا اور وزیرامورکشمیربرجیس طاہر کی برطرفی کا مطالبہ کیا وفاقی حکومت نے مطالبات پر غور کے لئے  پانچ  رکنی کمیٹی قائم کردی۔ تفصیلات کےمطابق آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید کی قیادت میں، ریاستی حکومت نے وفاقی حکومت کے خلاف پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ کشمیریوں کے خلاف نامناسب زبان استعال کرنے پر وزیر امور کشمیر برجیس طاہر کو برطرف کیا جائے، بجٹ میں کئے گئے وعدوں کے مطابق کشمیر کونسل کو ترقیاتی فنڈ فراہم کئے جائیں اور کشمیر میں انتخابات سے قبل پری پول دھاندلی ختم کی جائے۔ مظاہرین نے  وفاقی حکومت، پرویز رشید اور برجیس طاہر کے خالف نعرے بازی بھی کی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پارلیمنٹ سے باہر آکر مظاہرین سے بات چیت کی اور وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید اور وزیر خزانہ لطیف اکبر  کو اپنے ساتھ پارلیمنٹ لے گئے بعد میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ لطیف اکبر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی اور مطالبات پر غور کے لئے 5 رکنی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت، جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور بات چیت کے ذریعے آزاد کشمیر حکومت کی تمام شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔