Friday, April 26, 2024

چودھری شوگر ملز کیس میں نوازشریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور

چودھری شوگر ملز کیس میں نوازشریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور
February 14, 2020
 لاہور (92 نیوز) چودھری شوگر ملز کیس میں نوازشریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور ہو گئی۔ چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے کی۔ جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو عدالت میں پیش کیا۔ نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں انکی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی جبکہ یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی۔ نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کا میڈیکل سرٹفیکیٹ عدالت میں جمع کرایا ہے۔ نواز شریف ایک کلینکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں جو کہ فروری کے آخری ہفتے میں نواز شریف کے مختلف چیک اپ کرے گی۔ اس وجہ سے میاں نواز شریف ابھی پاکستان کے لیے سفر نہیں کر سکتے۔ احتساب عدالت میں شریف خاندان کے کیسز کی سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف آنے والے راستوں کو خاردار تاریں اور کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھاْ