Saturday, April 27, 2024

چودھری شجاعت کا حکومت کو اپوزیشن سے مذاکرات کا مشورہ

چودھری  شجاعت کا حکومت کو اپوزیشن سے مذاکرات کا مشورہ
December 31, 2020

لاہور (92 نیوز) چودھری شجاعت نے حکومت کو اپوزیشن سے مذاکرات کا مشورہ دے ڈالا ، کہا کہ حکومت اپوزیشن کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے۔

سینئرسیاستدان چودھری شجاعت حسین نے حکومت اور اپوزیشن کو ملکی مفاد میں اکٹھاہونے کامشورہ دے دیا، بولےملکی حالات اس مقام پر پہنچ چکے جہاں پہلے کبھی نہیں تھے،حکومتی نمائندے ہر بات کو انا کا مسئلہ نہ بنائیں بلکہ معاملات سلجھانے میں پہل کریں، کریڈٹ کے چکر میں نہ پڑیں کیونکہ کریڈٹ کی دوڑ میں اسمبلیوں میں بعض ارکان ایسی ایسی باتیں کر جاتے ہیں جو کسی کیلئے قابل قبول نہیں ہوتیں۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ  ڈھائی سال پہلے ہی گزر چکے ہیں ایک سال اور گزرا تو پھر اس گالی گلوچ کے نتائج سامنے آئیں گے،معاملات کو اس نہج پر پہنچانے کی بجائے رسمی یا غیر رسمی کسی بھی طریقے سے بات چیت کی طرف جانا چاہئے۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی تمام تجاویز کا جواب بیان بازی سے نہ دے بلکہ سنجیدگی سے ان پر غور کرے، انہوں نے شکوہ کیا کہ ہم تو اتحادی ہیں لیکن مشہور ہے کہ ہم ہدایت کی بات بھی کرتے ہیں تو اس کو مخالفت کا نام دے دیا جاتا ہے۔