Friday, April 26, 2024

چودھری شجاعت حسین کا پرویزمشرف کا کیس نہ کھولنے کا مشورہ

چودھری شجاعت حسین کا پرویزمشرف کا کیس نہ کھولنے کا مشورہ
November 26, 2019
 لاہور (92 نیوز) چودھری شجاعت حسین نے پرویزمشرف کا کیس نہ کھولنے کا مشورہ دے دیا اور کہا پرویزمشرف والا کٹا کھولنے کا کیا فائدہ۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا عوامی فلاح کے بجائے نئے گورکھ دھندوں میں نہ پڑیں۔ اس سے عوام کو کوئی فائدہ ہو گا اور نہ ہی مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر خرابیوں کا خاتمہ ہو گا۔ مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاملات کی خرابی کے اصل ذمہ داروں کے تعین کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے پر اپنے لیگل ایکسپرٹس سے مشورہ کر رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا اس بات کا تعین کیا جائے کہ مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاملات خرابی کی جس سطح پر پہنچ گئے ہیں اس کا اصل ذمہ دار کون ہے۔ پہلی حکومتیں، پچھلی حکومت یا موجودہ حکومت۔ انہوں نے کہا تمام سیاستدان جو عوام کو امیدیں دلا کر دھوکہ دے رہے ہیں ان کو بے نقاب کرنا چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا ایک دوسرے پر بے لذت الزام تراشی یا دھرنا کلچر جس میں ہماری پارٹی بھی شامل تھی کے بجائے سب مل کر کسی بھی طریقے سے ملک کو اس دلدل سے باہر نکالیں۔ جنرل مشرف کا کیس پانچ سال سے زائد عرصہ سے چل رہا ہے اور مزید پانچ سال تک چلتا رہے گا ۔ پھر بھی عوام کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ چودھری شجاعت حسین بولے ٹماٹر جس بھاؤ اب مل رہے ہیں کیا پانچ سال بعد ان حرکات کی وجہ سے سستے ہو جائیں گے؟ جو بھی پارٹی ملک کے مفاد میں جو بھی قدم اٹھائے گی ہم اور ہماری پارٹی سب چیزوں کو بھول کر ملکی مفاد میں اقدام کرنے والوں کا ساتھ دیں گے۔