Friday, March 29, 2024

چودھری برادران کی نیب انکوائریز کیخلاف درخواستوں پر سماعت،آئندہ سماعت پر ڈی جی نیب لاہور طلب

چودھری برادران کی نیب انکوائریز کیخلاف درخواستوں پر سماعت،آئندہ سماعت پر ڈی جی نیب لاہور طلب
November 18, 2020

لاہور (92 نیوز)چودھری برادران کی چیئرمین نیب کے اختیارات اور نیب انکوائریز کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی ، لاہور ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کو طلب کر لیا۔

لاہورہائیکورٹ میں  چودھری برادران کی چیئرمین نیب کے اختیارات اور نیب انکوائریز کے خلاف درخواستوں پر سماعت  جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی ۔ نیب وکیل نے  بتایا کہ چودھری پرویز الہٰی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کی انوسٹی گیشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چودھری برادران کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انویسٹی گیشن حتمی مراحل میں ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزاروں کے خلاف کب سے انکوائریز زیر التوا ہیں  جس پر نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ  20 سال سے چودھری برادران کے خلاف کیسز چل رہے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے  ریمارکس دیے کہ  آئندہ سماعت پر ڈی جی نیب عدالت کو بتائیں کہ 20 سال سے کیوں انکوائری زیر التوا ہیں،عدالت نے 26 نومبر کو ڈی جی نیب لاہور کو طلب کر لیا ۔