Sunday, May 5, 2024

چوتھا ون ڈے: گرین شرٹس کل سڈنی میں کم بیک کے لیے پرعزم

چوتھا ون ڈے: گرین شرٹس کل سڈنی میں کم بیک کے لیے پرعزم
January 21, 2017

سڈنی (ویب ڈیسک) گرین شرٹس کا چوتھا امتحان کل سڈنی میں ہو گا۔  شاہینوں کو ون ڈے سیریز دو دو سے برابر کرنے کا چیلنج درپیش، پاکستانی ٹیم سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا ون ڈے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر بیس منٹ پر شروع ہو گا۔ قومی ٹیم سڈنی پہنچ گئی، شاہینوں نے کینگروز کو زیر کرنے کے لیے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی۔ ٹیم کی قیادت اظہرعلی کریں گے۔

ون ڈے کپتان کو فٹنس ٹیسٹ کے بعد مکمل طور پر فٹ قرار دےدیا گیا۔ اظہرعلی پہلے ون ڈے میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ ان کی عدم موجودگی میں دوسرے اور تیسرے میچ میں ٹیم کی قیادت محمد حفیظ نے کی تھی۔

پاکستان کو برسبین میں پہلے ون ڈے میں شکست ہو گئی تھی تاہم میلبورن میں میچ جیت کر شاہینوں نے سیریز ایک ایک سے برابر کر لی لیکن آسٹریلیا نے پرتھ میں تیسرا ون ڈے جیت کر ایک بار پھر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی۔

چوتھے ون ڈے میں میزبان ٹیم کو شکست دے کر گرین شرٹس ایک بار پھر سیریز برابر کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے تو آسٹریلوی ٹیم برتری بہتر بنانا چاہے گی۔ سڈنی کے میدان میں آسٹریلیا کا پلہ بھاری ہے جہاں دونوں ٹیمیں چودہ میچ کھیل چکی ہیں جن میں پاکستان کے حصے میں چار فتوحات آئیں تو باقی دس آسٹریلیا  کا مقدر رہی تاہم قومی ٹیم اس بار تاریخ کو بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔

سڈنی پہنچنے کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ایک چیریٹی ایونٹ میں بھی شرکت کی۔ منیجر وسیم باری کے ہمراہ فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور راحت علی ایمرجنسی سروسز میگابیش کے ایونٹ میں شریک ہوئے۔