Friday, March 29, 2024

چنیوٹ، نہر لوئر چناب میں شگاف، کئی دیہات سمیت سیکڑوں فصلیں تباہ

چنیوٹ، نہر لوئر چناب میں شگاف، کئی دیہات سمیت سیکڑوں فصلیں تباہ
December 22, 2017

چنیوٹ (92 نیوز) چنیوٹ میں پل ڈینگرو کے قریب نہر لوئر چناب میں پڑنے والا 200 فٹ چوڑا شگاف کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی پر نہیں کیا جا سکا۔
نہر کے پانی نے کئی دیہات کو تباہ کر دیا جبکہ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں
چنیوٹ سے ملحقہ دیہاتوں پر رات کے آخری پہر مصیبت آن پڑی۔
پل ڈینگرو کے قریب لوئر جھنگ نہر میں 200 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔
تیز رفتار پانی دیکھتے ہی دیکھتے کئی دیہاتوں میں داخل ہو گیا۔
پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور دیہاتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے اعلانات کروا دیئے گئے۔
شگاف کے باعث سات سے زائد دیہات میں داخل ہونے والے پانی نے نہ صرف گھروں کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ گنے اور سیکڑوں ایکڑ پر پھیلی گندم کی فصل کو بھی تباہ کر دیا۔
ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا تو انہیں پانی کے تیز بہاو کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد نہر کو ہیڈ قادر آباد کے مقام سے بند کروا دیا گیا۔
ادھر پانچ گھنٹے تاخیر سے پہنچنے والا محکمہ انہار کا عملہ پانی میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے پنکچر ٹیوبز اٹھا لایا جو کسی کام نہ آئیں۔
متاثرہ دیہاتوں کے باسی اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں جبکہ کئی تاحال اونچے ٹیلوں پر پھنسے مدد کے منتظر ہیں۔
کئی گھنٹے سے جاری امدادی کارروائیوں کے باوجود تاحال شگاف کو پر نہیں کیا جا سکا۔