Friday, April 19, 2024

چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے حوالدار شہید محمد آصف نے بھی وطن پر جان قربان کی

چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے حوالدار شہید محمد آصف نے بھی وطن پر جان قربان کی
September 3, 2018
چنیوٹ (92 نیوز) پاک دھرتی پر جان لٹانے والا ہر شہید ایک لازوال داستان رقم کر جاتا ہے۔ چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے حوالدار شہید محمد آصف بھی ایسے ہی شہیدوں کی صف میں شامل ہیں جن کی قربانی نے وطن عزیز کی سرحدوں کو دشمنوں کے لیے ناقابل شکست بنا دیا۔ شہید لانس حوالدار محمد آصف بوڑھی ماں، بیوی اور دو بیٹیوں کا واحد سہارا ہونے کے باوجود پاک وطن پر جان قربان کر گئے۔ چنیوٹ کی تحصیل لالیاں میں شہید محمد آصف کا دو کمروں پر مشتمل چھوٹا سا گھر اُن کی اَن مٹ یادوں کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ بہادر باپ کی معصوم بیٹیاں کہتی ہیں پڑھ لکھ کر بابا کا خواب پورا کریں گی۔ 27 اکتوبر 2017 کو کشمیر کی وادیوں میں کیل سیکٹر پر دوران ڈیوٹی بہادر سپوت نے دشمن کی جانب سے چیک پوسٹ پر کیا گیا حملہ ناکام بنا دیا تاہم جاں فشانی سے لڑتے ہوئے کئی گولیاں ان کے جسم میں پیوست ہو گئیں اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ شہید محمد آصف کی بیوہ خاوند کی شہادت پر سر فخر سے بلند کئے بیٹیوں کو اعلی تعلیم دلوا کر باپ کے نقش قدم پر چلانے کا عزم رکھتی ہیں۔ جدائی کا غم اپنی جگہ مگر شہید آصف کی بوڑھی والدہ کو بھی بیٹے کی قربانی کا کوئی ملال نہیں۔ باپ کی شہادت پر فخر سے سربلند کیے محمد آصف کی باہمت بیٹیاں اعلی تعلیم حاصل کرکے وطن عزیز کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔