Sunday, May 5, 2024

جذجہ خیرسگالی، پاکستان نے بھارتی فوجی واپس کر دیا

جذجہ خیرسگالی، پاکستان نے بھارتی فوجی واپس کر دیا
January 21, 2017

اسلام آباد (92نیوز) پاک فوج کا جذبہ خیرسگالی، خطے میں امن کیلئے ایک اور قدم، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انڈین فوجی چندوبابو لال چوہان کو بھارت کے حوالے کر دیا گیا۔ چندو کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ چندو بابو لال نے 29 ستمبر کو کنٹرول لائن کراس کر کے خود کو پاک فوج کے حوالے کیا تھا۔ چندو بابو لال چوہان اپنی فوج کے افسران سے تنگ آکر سرحد پار آیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کی فوج کے سپاہی اپنے ہی افسران کے رویوں سے تنگ ہیں۔ ایسا ہی ایک سپاہی چندو بابو لال چوہان ہے جو مقبوضہ کشمیر میں تعینات تھا۔ 29ستمبر 2016ء کو چندو بابو لال چوہان نے اپنے افسروں کے غلط رویے پر جان بوجھ کر کنٹرول لائن عبور کی اور پاکستان آ گیا۔

پاک فوج نے بھارتی سپاہی کو حراست میں لے کر اس سے تحقیقات کیں تو اس نے اپنے فوجی افسران کی کرتوتوں کا رونا رویا۔ اس نے بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے سرحد پار آیا۔ اب پاک فوج نے خطے میں امن واستحکام کے لئے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی سپاہی چندو بابو لال چوہان کو واپس بھارت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق چندو بابو لال چوہان کو واپس اپنے ملک جانے کے لئے آمادہ کیا گیا۔ جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی سپاہی کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ چندو لال کو پاکستان سے بہت سے تحائف دے کے بھیجا گیا ہے۔