Friday, March 29, 2024

چند شعبوں کے سوا لاک ڈاؤن ختم، وزیراعظم کا اعلان

چند شعبوں کے سوا لاک ڈاؤن ختم، وزیراعظم کا اعلان
June 1, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چند شعبوں کے سوا لاک ڈاؤن ختم ہوگیا، وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی میں اتفاق رائے کے بعد اعلان کردیا ، تعلیمی ادارے، شادی ہالز بدستور بند رہیں گے، ہفتے میں پانچ روز کاروبار کی اجازت ہوگی، وزیراعظم نے کہا ایسا لاک ڈاؤن نہیں چاہتا تھا جو لگایا گیا لیکن صوبے خود مختار ہیں، سیاحتی مقامات کھولنے کے بھی حق میں ہوں۔ کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کردی گئی، قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں صوبوں کی تجاویز کے بعد فیصلہ ہوگیا، تعلیمی ادارے اور شادی ہالز بدستور بند رہیں گے، وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے بعد کہا جن شعبوں میں خطرات زیادہ ہیں انہیں نہیں کھولا جا رہا۔ وزیراعظم نے کہا ہفتے میں پانچ روز کاروبار کی اجازت ہوگی، دکانیں اور مارکیٹیں ایس او پیز کے تحت کھلیں گی، سیاحتی مقامات کھولنے کے حق میں ہوں تاہم کے پی اور گلگت بلتستان حکومت ایس او پیز کے بعد اجازت دیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا جو لاک ڈاؤن پاکستان میں ہوگیا ایسا نہیں چاہتا تھا، صوبے 18 ویں ترمیم کے بعد خود مختار ہیں، اس لئے لاک ڈاؤن ہوگیا، غریب کو اس کی وجہ سے بہت تکلیف ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا ویکسین آنے تک کورونا نہیں جا رہا، ہم نے احتیاط چھوڑ دی تو کورونا مزید پھیل جائے گا، ملک کی خاطر احتیاط کریں، بیرون ملک سے پاکستانیوں کی فوری واپسی کا حکم دیتے ہوئے بولے آنے والے پاکستانیوں کا ایک ٹیسٹ کیا جائے گا۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس وفاقی وزراء، وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکام نے شرکت کی، صوبوں نے وفاقی حکومت کو تجاویز دیں، تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوئے جن کا اجلاس کے بعد وزیراعظم نے اعلان کردیا۔