Sunday, May 12, 2024

چناب میں مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی

چناب میں مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی
September 1, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بادل جم کر برسے، دریائے چناب میں مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ کوہ سلیمان اور ڈیرہ بگٹی کے ندی نالوں میں بھی بارش کے باعث طغیانی آگئی۔

ملک کے مختلف علاقوں میں بادلوں نے رنگ جمایا،اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادل جم کر برسے، بارش سے گرمی اور حبس میں کمی ہوگئی، پوٹھوہار ریجن کے دیگر شہروں میں بھی بادلوں کی انٹری ہوئی اورجل تھل ایک ہوگیا۔

راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ سے تجاوز کرگئی،ڈیم میں پانی کی گنجائش 1752 فٹ ہے،ڈیم بھر جانے کے باعث اسپل ویز کھل دیئے گئے،6 ہزار کیوسک پانی ڈیم سے خارج کردیا گیا۔

مری میں جم کر بادل برسے، موسم میں خنکی بڑھ گئی جبکہ ندی نالے بھی بپھر گئے، ایبٹ آباد میں بارش سے پانی شاہراہ ریشم پر آگیا، ندی نالے بپھر گئے اور پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، گلگت اور استور میں بھی بارش ہوئی۔

دریائے چناب میں نچلےدرجےکےسیلاب نے جھنگ اورسرگودھا میں تباہی مچادی، متعدد دیہات میں سڑکیں،مکانات اور فصلیں زیرآب آگئیں، علاقہ مکینوں نے پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے پر نقل مکانی شروع کردی۔

جھنگ میں تریموں ہیڈ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 84ہزار ریکارڈ کی گئی، مزید بارشوں کے خدشے پر پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا ہے،ہیڈمرالہ کے مقام پر چناب میں پانی کی آمد 70 ہزار 296 کیوسک پر پہنچ گئی۔

تونسہ شریف اور کوہ سلیمان میں بارشوں سے نالہ سنگھڑ میں طغیانی آگئی، کئی علاقوں کو خطرات کا سامنا ہے، راجن پور کے ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے درہ کوہ سلطان سے 48 ہزار کیوسک کا ریلا گزررہا ہے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے، ڈیرہ بگٹی میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔