Wednesday, April 24, 2024

چنائی سپرکنگز، راجستھان رائلز 2سال کیلئے بین !!! دونوں فرنچائزز کے مالکان پر بھی 5سال کیلئے پابندی

چنائی سپرکنگز، راجستھان رائلز 2سال کیلئے بین !!! دونوں فرنچائزز کے مالکان پر بھی 5سال کیلئے پابندی
July 14, 2015
لاہور (92نیوز) چنائی سپر کنگز کے مالک گروناتھ میاپن اور راجستھان رائلز کے مالک راج کندرا پر بھی پانچ سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ دونوں کو عمر بھر کےلئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس راجندر مال لودھا کی سربراہی میں بنائی گئی تین رکنی کمیٹی نے اپنا فیصلہ سنایا۔ چنائی سپرکنگز کے مالک این سری نواسن کے داماد اور فرنچائز کے کرتا دھرتا گروناتھ میاپن پر پانچ سال کی پابندی لگا دی گئی۔ جسٹس راجندر لودھا نے کہا کہ گروناتھ پرآئی پی ایل میں کرپشن کا الزام ثابت ہو گیا۔ انہوں نے اپنے اقدامات سے کھیل کو بہت نقصان پہنچایا، گروناتھ اب زندگی بھر بھارتی کرکٹ بورڈ کی کسی سرگرمی کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ راجستھان رائلز کے مالک اور بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے خاوند راج کندرا کو بھی پانچ سالہ پابندی اور تاحیات معطلی کی سزا سنائی گئی ہے۔ جسٹس لودھا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ راج کندرا اور گروناتھ میاپن نے نہ صرف بھارتی کرکٹ بورڈ کو دھوکا دیا بلکہ کھیل کو بھی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ دونوں نے آئی پی ایل کے دوران میچز پر جوا کھیلا۔ جسٹس لودھا نے دو ہزار تیرہ میں آئی پی ایل کے چیئرمین سندر رامن کو بھی کلین چٹ دینے سے انکار کر دیا۔ اس سخت فیصلے کے بعد آئندہ سال آئی پی ایل کا انعقاد بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔