Monday, May 20, 2024

چمن کے مرغی بازار میں دھماکا ، 7 افراد جاں بحق

چمن کے مرغی بازار میں دھماکا ، 7 افراد جاں بحق
May 21, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) چمن میں جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقادر لونی کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ مولانا عبدالقادر لونی بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

امن دشمنوں نے ایک بار پھر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے بلوچستان کو لہو لہان کر دیا۔ چمن کے علاقے مرغی بازار میں جمعیت علماءاسلام نظریاتی کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقادر لونی کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکے سے پورا شہر لرز اٹھا۔

دھماکہ اس وقت ہوا جب مولانا عبدالقادر لونی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ ریلی میں شرکت کر کے واپس جارہے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

افسوسناک واقع میں زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال چمن منتقل کیا گیا، مولانا عبدالقادر لونی بھی زخمیوں میں شامل ہیں، 4 شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جسے مولانا عبدالقادر لونی کی گاڑی کے گزرنے پر دھماکے سے اُڑا دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔