Friday, April 26, 2024

چمن بارڈر سے گرفتار محسن علی سید اور خالد شمیم کے عمران فاروق قتل میں ادا کئے گئے کردار کا سراغ لگا لیا گیا

چمن بارڈر سے گرفتار محسن علی سید اور خالد شمیم کے عمران فاروق قتل میں ادا کئے گئے کردار کا سراغ لگا لیا گیا
December 5, 2015
کراچی(92نیوز)عمران فاروق قتل کے دو اہم ملزموں کی گرفتاری اس پراسرار واردات کے کئی رازوں سے پردے اٹھا رہی ہے چمن بارڈر سے گرفتار کیئے جانے والے محسن علی سید اور خالد شمیم کون ہیں اور ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں انکا کیا کردار تھا۔ تفصیلات کےمطابق ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی گتھیاں اب سلجھنے کو ہیں قتل کے مرکزی کردار محسن علی سید اور خالد شمیم کی گرفتاری بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، تفتیش کاروں کے مطابق واٹر بورڈ کا افسر خالد شمیم ڈاکٹر عمران فاروق قتل کا سہولت کار اور منصوبہ ساز ہے۔ کراچی سے گرفتار ہونے والے معظم علی خان نے بھی ان دونوں ملزموں سے متعلق سنسنی خیز انکشافات کیے تھے معظم نے بتایا تھا کہ خالد شمیم نے ہی اسے ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی اطلاع سب سے پہلے دی تھی۔ خالد شمیم  معظم علی خان کی کمپنی  میں نوکری بھی کرتا رہا اور معظم کی نگرانی بھی  خالد شمیم ہی وہ کردار تھا جس نے عمران فاروق کے قاتلوں محسن اور کاشف کو لندن اور پھر سری لنکا میں سہولیات فراہم کروائیں  خالد شمیم گزشتہ چار سال سے لاپتہ تھا،خالد شمیم کے خلاف کراچی میں ایک شہری کو قتل کرنے کا مقدمہ  ماڈل کالونی تھانے میں درج ہے۔ محسن علی سید ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے والا ملزم ہے تفتیش کاروں کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے بعد محسن نے خالد شمیم سے ہی ہدایات لیں اور اسی کے کہنے پر سری لنکا میں قیام کیا قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ماننا ہے کہ محسن علی سید اور خالد شمیم کی گرفتاریوں کے بعد ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس جلد منطقی انجام تک پہنچ جائے گا۔