Friday, March 29, 2024

چلڈرن ہسپتال کے نئے بلاک نے کام شروع کردیا ،بلاک میں 600 بستروں کی گنجائش ہے

چلڈرن ہسپتال کے نئے بلاک نے کام شروع کردیا ،بلاک میں 600 بستروں کی گنجائش ہے
January 7, 2017

 

لاہور(92نیوز)چلڈرن ہسپتال کے نئے بلاک نے کام شروع کردیا۔ نئے بلاک میں 600 بستروں کی گنجائش ہے۔ ہسپتال میں مجموعی طور پر بستروں کی تعداد 1050 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کےمطابق چلڈرن ہسپتال لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ ہسپتال کے نئے بلاک نے جزوی طور پر کام شروع کردیا ہے۔ نیا بلاک آئندہ دو ماہ تک مکمل طور پر کام شروع کردے گا جس سے ہسپتال میں آنے والے مریضوں کے علاج معالجے میں مزید بہتری آئے گی۔ میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ نئے بلاک میں 16 نئے آپریشن تھیٹر بنائے گئے ہیں اور نئے بلاک کی تعمیر پر حکومت تین ارب 53 کروڑ روپے خرچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں روزانہ تقریباً پانچ ہزار مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جن میں سے تقریبا 25 سو بچوں کو آؤٹ ڈور میں علاج فراہم کیا جاتا ہے جبکہ ایمرجنسی میں روزانہ 12 سو مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سو سے چھے سو تک مریض بچے روزانہ ہسپتال میں داخل کئے جاتے ہیں۔ اس طرح ہسپتال میں ساڑھے بارہ سو مریض داخل رہتے ہیں۔