Monday, September 16, 2024

چلو چلو انگلینڈ چلو ... پاکستانی سیاستدان لندن میں اکٹھے ہونے لگے

چلو چلو انگلینڈ چلو ... پاکستانی سیاستدان لندن میں اکٹھے ہونے لگے
April 12, 2016
لندن (92نیوز) لندن کی وکٹ پر پانامہ لیکس کی پاکستانی اننگز شروع ہونے کو ہے۔ لندن میں مقیم سابق صدر آصف علی زرداری پارٹی رہنماوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادے حسین نواز بھی لندن پہنچ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی لندن یاترا کی تیاری میں ہیں۔ لندن ایک بار پھر پاکستانی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز لندن‘ دبئی اور سعودی عرب سے ہوتے ہوئے لندن پہنچیں گے۔ پاناما لیکس کے بعد حسین نواز کی لندن یاترا سیاسی حلقوں میں خاصی معنی خیز سمجھی جا رہی ہے۔ وزیراعظم بھی اپنے طبی معائنے کیلئے کل لندن روانہ ہوں گے۔ پاناما لیکس پر حکمرانوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کرنے والے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان جمعرات سے لندن یاترا پر جائیں گے اور مختلف سرگرمیوں کے لیے چار روز تک ادھر ہی قیام کریں گے۔ لندن میں ہونے والی اس سیاسی گرما گرمی کی تپش عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کے گھر تک بھی پہنچے گی کیونکہ پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کے اعلان کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے جمائما خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور انہیں اس کی اجازت بھی مل گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی اس روز وہیں موجود ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے اہم عہدےداران برطانیہ میں آج اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا نے بھی لندن میں پریس کانفرنس کر دی ہے۔ اس سیاسی گرما گرمی میں پیپلز پارٹی بھی سرگرم ہے۔ پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری پہلے ہی لندن میں مقیم ہیں اور پارٹی رہنماوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔