Thursday, April 18, 2024

چترال: چار روز سے بارش جاری، ضلع چترال میں سیلاب، سینکڑوں گھر سیلابی ریلے میں بہہ گئے، دو افراد جاں بحق، سڑکیں تباہ

چترال: چار روز سے بارش جاری، ضلع چترال میں سیلاب، سینکڑوں گھر سیلابی ریلے میں بہہ گئے، دو افراد جاں بحق، سڑکیں تباہ
July 19, 2015
چترال (نائنٹی ٹو نیوز) گزشتہ چار روز سے جاری بارشوں کے نتیجے میں ضلع چترال سیلاب کی زد میں ہے۔ سینکڑوں گھر سیلابی ریلے میں بہہ گئے جبکہ دو افراد جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ضلع کی تمام سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں۔ چترال کے نواحی علاقوں شغور اور دروشپ کے مقام پر سیلاب سے گرم چشمہ روڈ کا نام ونشان مٹ چکا ہے جبکہ بمبوریت میں درجنوں مکانات اور عمارتیں سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں۔ وادی کیلاش، پھستی، پریت، رمبور اور شغور کے علاقوں میں درجنوں پل بہہ جانے سے رابطے بھی معطل ہو چکے ہیں۔ ریشن اور کوراغ کے نالوں میں سیلاب سے سب ڈویثرن مستوج تک رسائی ممکن نہیں رہی۔ نیشنل گرڈ سے بجلی منقطع ہونے کے باعث چترال شہر تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ ضلع میں آبپاشی کا نظام درہم برہم ہونے سے قحط سالی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ آب نوشی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔