Thursday, March 28, 2024

چترال ، تین روزہ رنگارنگ شندور میلہ اختتام پذیر

چترال ، تین روزہ رنگارنگ شندور میلہ اختتام پذیر
July 9, 2018
چترال ( 92 نیوز) چترال میں تین روزہ رنگا رنگ شندور میلہ اختتام کو پہنچ گیا ،  دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے فائنل میں چترال نے گلگت بلتستان کی ٹیم کو شکست دے دی۔ چترال کے بلند ترین سیاحتی مقام شندور میں تین روزہ رنگا رنگ میلہ اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اختتام کو پہنچ گیا ، ہر سال ہونے والے شندور میلے کی خاص بات دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ پر کھیلا جانے والا پولو ٹورنامنٹ ہے ، شندور پولو ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں روایتی حریف چترال اور گلگت بلتستان مد مقابل تھے ، یہ دلچسپ مقابلہ چترال نے پانچ کے مقابلے میں دس گول سے جیت لیا۔ میلے کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل وسیم اشرف تھے جن کا کہنا تھا کہ سیاحوں کا دشوار گزار راستوں سے شندور پہنچنا میلے کی کامیابی کا ثبوت ہے ، سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ میلے کے انعقاد پر لائق تحسین ہیں۔ شندور میلے میں مقامی سیاحوں کے علاوہ غیر ملکیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔