Friday, April 26, 2024

پاک فوج نے برفباری سے بند لواری ٹنل کو کھول دیا

پاک فوج نے برفباری سے بند لواری ٹنل کو کھول دیا
January 14, 2017

چترال (92نیوز) آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بروقت کارروائی کر کے لواری ٹنل کو کھول دیا اوربرف باری میں پھنسی تمام مسافر گاڑیوں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ، چترال، زیارت، پشین، خانزئی اور بروری میں شدید برف باری، لواری ٹنل میں سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی تھیں، مسافروں میں بچے اورخواتین شامل تھے جن کے پاس کھانے پینے کی اشیاء ختم ہو گئیں۔

 تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں شدید برف باری سے لواری ٹنل بند ہو گئی تھی جس کے بعد بارہ سو سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں اور ہزاروں مسافر خوار ہو گئے تاہم پاک فوج نے لواری ٹنل کو کھول دیا ہے۔

علاقے میں اب تک سات سات فٹ برف پڑ چکی ہے جس سے درجہ حرارت منفی چودہ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ لواری ٹنل بند ہونے سے جہاں دیر اور چترال کے رہنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے وہیں سیاحوں کو بھی سیاحت مہنگی پڑ گئی۔

لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لواری ٹنل کو ہفتے میں کم ازکم دو دن بند رکھنے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔