Friday, March 29, 2024

چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے تینتیس برس بیت گئے

چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے تینتیس برس بیت گئے
November 23, 2016

لاہور (92نیوز) لالی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے تینتیس برس بیت گئے۔ پاکستانی فلمی تاریخ میں وحید مراد جیسی مقبولیت کسی اور کا مقدر نہیں بنی۔ انکی فلم ”ارمان“ نے کامیابیوں کے ریکارڈ بنائے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلمی تاریخ میں کبھی کسی فلمی ہیرو کو اتنی مقبولیت نہیں ملی جتنی وحید مراد کے حصے میں آئی۔ وہ نوجوانوں کا آئیڈیل فنکار تھا جس کا انداز‘ لباس اور ہیرا سٹائل تک نقل کیا گیا۔

پاکستا ن کی فلمی صنعت میں سن ساٹھ اور ستر کی دہائیوں کو بجا طور پر وحیدمراد کا زمانہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ اس دور میں سنتوش، درپن، سدھیر، اعجاز، حبیب اور بعد میں محمد علی اور ندیم نے بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن اِن میں سے کوئی اداکار بھی وہ داستانی حیثیت اختیار نہ کر سکا جو وحید مراد کو حاصل ہوئی۔ اپنی ذاتی کمپنی فلم آرٹس کے بینر تلے 1966ءمیں وحید مراد نے فلم ”ارمان“ بنائی جس نے باکس آفس پر کامیابی کے تمام گزشتہ ریکارڈ توڑ دیے۔

یہ پاکستان کی پہلی پلاٹینیم جوبلی فلم تھی۔ اسکا گیت ”کو کو کو رینا“ اور ”اکیلے نہ جانا“ گلی گلی گنگنایا جانے لگا۔ پھر وہ وقت بھی آیا جب وقت کے اس عظیم سپرسٹار کو ہدایت کاروں اور فلم سازوں کو یہ یاد کرانا پڑتا تھا کہ وحید مراد نام کا ایک سپرسٹار بھی کبھی ہماری فلم انڈسٹری میں موجود تھا۔