Friday, April 19, 2024

چاند کے روشن حصے پر مالیکیولر پانی کی دریافت کا دعویٰ

چاند کے روشن حصے پر مالیکیولر پانی کی دریافت کا دعویٰ
October 27, 2020

واشنگٹن (92 نیوز) سائنسدانوں نے چاند کی آغوش میں پانی دریافت کر لیا، ناسا نے اعلان کیا ہے کہ اس کو چاند کے روشن حصے پر پانی کی موجودگی کے فیصلہ کُن ثبوت مل چکے ہیں۔

دو تحقیقات میں سے پہلی صوفیہ ٹیلی سکوپ سے کی گئی انفراریڈ شعاعوں کی مدد سے چاند کے روشن حصے کا مشاہدہ کرنے پر سائنسدانوں کو بالکل وہی رنگ ملے جو پانی کے مالیکیولز کی پہچان ہیں۔

دوسری تحقیق میں سائنسدانوں نے دائمی طور پر اندھیرے علاقوں کا مشاہدہ کیا جنھیں کولڈ ٹریپ کہا جاتا ہے ، چاند کے دونوں قطبوں پر دریافت ہونے والے کولڈ ٹریپس کی بدولت سائنسدانوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ چاند کی سطح کا تقریباً 40 ہزار مربع میٹر علاقہ پانی کے مالیکیولز کو ہمیشہ کیلئے ٹریپ کرنے یا پھانسنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مالیکیولر پانی کی دریافت سے چاند پر خلائی اڈہ بنانے کی امیدوں کو بھی تقویت ملی ہے ،تاہم مخصوص جگہ کا انتخاب کرنے کیلئے سائنسدانوں کو مزید معلومات درکار ہوں گی۔

چاند کی سطح پر پہلے بھی پانی کی موجودگی کی علامات ملتی رہی ہیں، لیکن نئی دریافتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ پرانے تصورات کے برعکس چاند پر پانی کی کافی زیادہ مقدار موجود ہے۔